اداکار فیضان شیخ کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’شیر‘ میں میرے کردار ’فہد‘ سے نفرت میری کامیابی ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’شیر‘ کی 20 قسطیں نشر ہوئیں اور مداحوں کو ڈرامہ اتنا پسند آرہا ہے کہ یہ یوٹیوب پر ٹرینڈز میں شامل ہے۔
’شیر‘ میں دانش تیمور اور سارہ خان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں فیضان شیخ، ارجمند رحیم، سنیتا مارشل، نادیہ افگن، نبیل ظفر، منزہ عارف، عتیقہ اوڈھو، حسان نیازی، آمنہ ملک، نورین گلوانی ودیگر شامل ہیں۔
’شیر‘ کی ہدایت کاری کے فرائض احسن تالش نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زنجابیل عاصم شاہ نے لکھی ہے۔
حالیہ انٹرویو میں فیضان شیخ سے میزبان نے سوال کیا کہ شیر میں آپ ولن بنے ہیں، لوگ آپ سے نفرت کررہے ہیں کیا کہیں کوئی کچھ کہہ رہا ہے؟
جواب میں فیضان نے کہا کہ کبھی مال چلے جاؤ تو خواتین پکڑ لیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آپ کیا کررہے ہیں، آپ نے شیر کو کیوں پاگل خانے بھجوا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خواتین سے کہتا ہوں کہ آپ دعا کریں شیر اسپتال سے واپس آجائے گا، ویسے اگر کسی کو میرے کردار سے نفرت ہے تو وہ میری جیت ہی ہے۔
اداکار نے کہا کہ ایک اور نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ کررہا ہوں اور مداح مجھے جلد اسکرین پر دیکھیں گے۔