(25 جولائی 2025): پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) نے شہریوں کی آسانی کیلیے پراپرٹی کی رجسٹری آن لائن ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دے دی۔
پی ایل آر اے نے لینڈ ایڈمنسٹریشن کو ڈیجیٹل کرنے کی طرف اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہریوں کو پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) کے ذریعے اسکین شدہ رجسٹری دستاویزات ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دی۔
مذکورہ فیصلہ پنجاب حکومت کے وسیع تر لینڈ ریفامز کے اقدام کا حصہ ہے تاکہ زمین سے متعلق معاملات میں شفافیت، کارکردگی اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی حکومت نے لینڈ ریکارڈ رومز تک رسائی کو ہموار اور ڈیجیٹل بنانے کیلیے آر او ڈی (ریکارڈ آف ڈیڈز) پورٹل شروع کیا ہے۔
رجسٹری کیسے ڈاؤن لوڈ کریں؟
اس نئے نظام کا مقصد اسکین شدہ رجسٹری دستاویزات تک آن لائن رسائی کو فعال کر کے دفاتر کے چکر اور لمبی قطاروں کی پریشانی کو ختم کرنا ہے۔
شہری اب پنجاب بھر کے تمام سب رجسٹرار دفاتر سے رجسٹریوں کی اسکین شدہ کاپیاں دیکھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کیلیے https://rod.pulse.gop.pk پر جا سکتے ہیں۔
یہ پی ایل آر اے کو کاغذ پر مبنی ریکارڈ رومز کے افراتفری سے آزادی فراہم کرنے کی امید ہے جو پراپرٹی کی دستاویزات کیلیے صارف دوست اور شفاف حل پیش کرے گی۔