کوئٹہ : پائلٹ بننے کے خواہشمند نوجوانوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، فلائنگ اسکول میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے فلائنگ اسکول کے قیام کا اعلان کر دیا، اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن ونگ کیپٹن علی آزاد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئےفلائنگ اسکول کلب فعال کرنے جارہے ہیں، فلائنگ اسکول میں نوجوانوں کو مختلف اقسام کے جہاز اڑانے کی تربیت دی جائے گی۔
کیپٹن علی آزاد کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ تین سالہ ہوگا جس میں ملک بھر سے داخلہ لے سکتے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔
بلوچستان کے نوجوان اب ڈاکٹر یا انجینیئر بننے کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن کے شعبے میں بھی مواقع حاصل کر سکیں گے، فلائنگ اسکول میں داخلہ لینے والے نوجوانوں کو 500 فلائٹ گھنٹے کی مکمل تربیت دی جائے گی۔
اس حوالے سےسیکرٹری خزانہ عمران زرکون نے بتایا کہ منصوبے پر سرکاری پیسہ خرچ نہیں ہوگا، کارپوریٹ سیکٹر کے پیسے لگائے جائیں گے.
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے موجودہ 3 جہاز بھی فلائنگ کلب میں خدمات انجام دیں گے اور یہ جہاز ریونیو بھی جنریٹ کریں گے۔
عمران زرکون نے مزید بتایا کہ اسکول میں داخلے کے لیے عمر کی حد 18 سال مقرر کی گئی ہے۔