کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم ، نوٹیفکیشن جاری

کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم ، نوٹیفکیشن جاری

کراچی : شہر قائد کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس ختم کردی گئی اور خبردار کیا شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق میئر مرتضیٰ وہاب کا کراچی بھر میں پارکنگ مفت کرنے کا خواب پورا ہوگیا ، سندھ حکومت نے 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس مکمل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

شہر کی تمام سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس لینے پرمکمل پابندی عائد کردی، فیس اب صرف پلازہ، پلاٹس یا مخصوص کونسلز کے مخصوص علاقوں میں لی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو فیس ختم اور فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

محکمہ بلدیات کی ہدایت پر پارکنگ فیس ختم کرنے کی باضابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے ، شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی

کے ایم سی کے بعد 25 ٹاؤنز کی سڑکوں پر بھی پارکنگ فیس مکمل طور پربند ہے، چیف منسٹر سندھ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

میئر مرتضیٰ وہاب کا مؤقف تھا کہ پارکنگ فیس کا خاتمہ عوامی مفاد میں کیا گیا تاہم میونسپل کمشنرز کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عمل نہ کرنے پرکارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ کراچی میں چارجڈ پارکنگ کی تاریخ پیچیدگیوں سے بھری پڑی ہے، جس میں شہریوں کی شکایات اور غیر قانونی وصولیوں کا لمبا سلسلہ شامل ہے۔ پارکنگ کی جگہوں کی کمی اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل اداروں نے چارجڈ پارکنگ کا نظام متعارف کرایا۔ تاہم، جلد ہی یہ نظام غیر قانونی وصولیوں کا گڑھ بن گیا، جہاں ٹھیکیدار من مانی فیسیں وصول کرنے لگے اور اکثر جعلی یا بغیر رسید کے کام چلایا جاتا تھا۔ اس صورتحال نے شہریوں میں شدید بے چینی پیدا کی اور حکومت کو بھی ریونیو کا بھاری نقصان ہوا۔

اس بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پانے کے لیے حکومتی اور عدالتی سطح پر کئی اقدامات کیے گئے۔ ٹریفک پولیس نے غیر قانونی پارکنگ سائٹس کی نشاندہی کی، جبکہ میئر کراچی اور سندھ ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے پر سخت نوٹس لیا۔ سب سے اہم پیش رفت حال ہی میں سامنے آئی ہے، جب سندھ حکومت نے سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس کے مکمل خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اب پارکنگ فیس صرف مخصوص پلازوں، پلاٹوں یا کونسلز کے نامزد علاقوں میں لی جائے گی۔

اس فیصلے کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے بھی اپنی 25 مخصوص پارکنگ سائٹس پر فیس ختم کر دی ہے، جبکہ 11 کورڈ پارکنگ سائٹس پر فیس بدستور برقرار ہے۔ کے ایم سی سمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سروسز شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پارکنگ کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ اگرچہ سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ کا خاتمہ ایک خوش آئند قدم ہے، لیکن اس بات پر نظر رکھنا ضروری ہے کہ ان اقدامات پر کتنا موثر طریقے سے عملدرآمد ہوتا ہے اور کیا یہ واقعی غیر قانونی چارجڈ پارکنگ کے مسئلے کا مستقل حل ثابت ہوتے ہیں۔

ویزا اور امیگریشن سے متعلق خبریں