فیصل واوڈا کا ایف بی آر افسر کی وائرل ویڈیو پر سخت بیان سامنے آگیا

فیصل واوڈا کا ایف بی آر افسر کی وائرل ویڈیو پر سخت بیان سامنے آگیا

اسلام آباد (25 جولائی 2025): سینیٹر فیصل واوڈا کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسر کی وائرل ویڈیو پر سخت بیان سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے لکھا کہ میں حیران ہوں کہ اب تک وزیر اعظم پاکستان اور خصوصی طور پر وزیر خزانہ اور چئیرمین ایف بی آر (جن سے میرا ملک کی بہتری کیلیے بہت اچھا تعلق ہے) نے اس ایف بی آر افسر کو نوکری سے نکالا کیوں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر حکام نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، فیصل واوڈا

فیصل واوڈا نے لکھا کہ واضح کر دوں کہ ایف بی آر افسر کو صرف معطل نہیں بلکہ نوکری سے برخاست کرنا ہوگا جو عوام کا نوکر ہوتے ہوئے عوام سے جانوروں کی طرح سلوک کر رہا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

سینیٹر نے مزید لکھا کہ میں ملک سے باہر ہوں وطن واپسی تک اگر اس افسر کو نوکری سے برخاست کرنے کی کارروائی شروع نہیں کی گئی تو سینیٹ کی فنانس کمیٹی میں (جس کا میں خود ممبر ہوں) اور سینیٹ میں اسے بلاؤں گا، پھر کوئی گلہ نہ کرے۔

واضح رہے کہ پچھلے چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ایف بی آر افسر کی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ مبینہ طور پر بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلا رہا تھا اور جب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے روکا تو وہ طیش میں آگیا۔

ایف بی آر افسر سرکاری گاڑی پر نمبر پلیٹ نہ ہونے کے سوال پر آگ بگولہ ہوا۔ اس نے پہلے ٹریفک پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور پھر وہاں موجود صحافی اور کیمرہ مین سے بحث کی۔