ملک میں مہنگائی بڑھی، چینی مگر 8 روپے کلو سستی ہو گئی! سرکاری ادارے کی رپورٹ

اسلام آباد (25 جولائی 2025) وفاقی سرکاری ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا تاہم اس دوران چینی سستی ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات نے ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ ملک میں مہنگائی کی شرح 4.07 فیصد بڑھ گئی جب کہ ہفتہ وار مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 2.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں جہاں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی نشاندہی کی ہے۔ وہیں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں چینی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے اور چینی کی اوسط قیمت 188 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 180 روپے 4 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 25 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ان میں صارفین کی جیب پر سب سے بڑا بوجھ بننے والے گیس چارجز میں اضافہ ہے۔ حالیہ ہفتہ گیس چارجز میں 590 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ٹماٹر 18 روپے 52 پیسے فی کلو، لہسن 5 روپے 16 پیسے، گائے کا گوشت 5 روپے 4 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ باسمتی چاول، دودھ،دہی اور دال مسور کی قیمتیں بھی بڑھیں۔

حالیہ ہفتہ میں جو اشیا سستی ہوئیں۔ ان میں برائلر مرغی کی قیمت میں فی کلو 36 روپے 17 پیسے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 17 روپے 88 پیسے سستا ہوا۔

اس کے علاوہ پیاز ایک روپے 76 پیسے، آلو ایک روپے 56 پیسے فی کلو سستے ہوئے، جبکہ دال مونگ، دال چنا اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

دوسری جانب ادارہ شماریات کی اس رپورٹ کے برعکس ملک بھر میں تاحال چینی کا بحران جاری ہے اور کئی شہروں میں اب بھی چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ دنوں شوگر ملز مالکان سے مذاکرات کر کے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو اور ریٹیل 172 روپے فی کلو مقرر کی تھی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا تھا۔ تاہم ملز مالکان نے حکومتی ریٹ پر ریٹیلرز کو چینی فراہم کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی۔

حکومت نے چینی بحران پر قابو پانے کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا اور تین لاکھ میٹرک ٹن درآمد کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیے۔ تاہم کسی نے بھی اس کے لیے بولی نہیں دی۔

اب حکومت نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/another-tender-issued-to-import-100000-metric-tons-of-sugar/