پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کیلیے حکومت کا بڑا فیصلہ

پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (26 جولائی 2025): پنجاب حکومت نے صوبے میں شہریوں کو صاف پانی فراہمی کرنے کیلیے بڑا فیصلہ کر لیا۔

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ مختلف اضلاع میں 963 نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا نیا پروگرام ترتیب کیا جائے گا، پوٹھوہار ریجن میں چھوٹے ڈیموں سے صاف پانی کے منصوبے شروع ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں صرف 20 فیصد افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا ہونے کا انکشاف

سی ای او صاف پانی اتھارٹی نوید احمد نے جاری اور نئے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کے منصوبوں میں 2 سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی شامل ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں بھی جلد کام شروع ہوگا، سالانہ بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے متعدد نئے پراجیکٹس پر کام کیا جائے گا۔

سی ای و صاف پانی اتھارٹی نے بتایا کہ منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا، آپریشنل اخراجات میں کمی کیلیے منصوبوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

جون میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا تھا کہ صوبے کے شہروں میں کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، بچے اور خواتین اپنے سروں پہ پانی اٹھا کر لا رہے ہوتے ہیں ہم کل سے ان کے لیے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔