گھوٹکی : ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کو زہر دے کر قتل کرنے کا الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی پراسرار موت کے معاملے میں اب تک مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس نے بتایا کہ سمیرا راجپوت کی لاش آج صبح گھوٹکی میں واقع اس کے گھر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سمیرا کو زہر دے کر قتل کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او گھوٹکی قابل بھیو نے بتایا کہ واقعے کے بعد مختلف قسم کی افواہیں گردش کرتی رہیں، جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
قابل بھیو کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی موت کی اصل وجوہات پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گی، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مقدمہ سمیرا کے ورثاء کی درخواست پر درج کیا جائے گا۔ واقعے کی حساس نوعیت کے پیش نظر پولیس نے مزید تفصیلات
فراہم کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں : اداکارہ حمیرا کے بعد ٹک ٹاکر لڑکی کی پُر اسرار موت ، لاش گھر سے برآمد
خیال رہے پاکستان میں دو ماہ سے بھی کم عرصے میں خواتین ٹک ٹاکرز کی یہ تیسری موت ہے۔
11 جولائی کو راولپنڈی میں ایک باپ نے اپنی بیٹی کو اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا جب اس نے ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں 2 جون کو 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو 22 سالہ عمر حیات نے گھر میں گھس کر گولی مار دی تھی۔