قصور کے شہر پھول نگر میں مدرسے کے استاد نے بچے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پھول نگر میں مدرسے کے استاد نے چنے کھانے پر بچے کو ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنایا، بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استاد بچے کو ڈنڈے سے بے دردی سے پیٹ رہا ہے۔
بچے کے والد نے استاد کے خلاف کارروائی کے لیے تھانے میں درخواست دے دی ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے استاد کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوات کے مدرسے میں استاد کے تشدد سے فرحان جاں بحق ہوگیا تھا۔
سوات میں خوازہ خیلہ کے مدرسے میں تشدد سے طالب علم کے جاں بحق ہونے کے معاملے میں گرفتار 11ملزمان کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا تھا۔
عدالت نے ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، مرکزی ملزم مدرسے کے مہتمم سمیت 2 افراد تاحال گرفتار نہ ہوسکے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دی ہے۔
دوسری جانب جاں بحق طالب علم فرحان کے چچا نے کہا تھا کہ مدرسے کے مہتمم کا بیٹا مقتول سے ناجائز مطالبات کرتا تھا، فرحان مدرسے واپس جانے کو تیار نہیں تھا، چچا اپنے بھتیجے کے ساتھ مدرسے گیا اور مہتمم سے شکایت کی تو مہتمم نے معذرت کی۔
مقتول فرحان کے چچا کا کہنا تھا کہ اسی دن نماز مغرب کے بعد مدرسے کے ناظم نے کال کر کے بتایا کہ بھتیجا غسل خانے میں گر گیا ہے، اسپتال پہنچا تو اس کی تشدد زدہ لاش دیکھی۔