گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کےلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی، وہاں جانے والے افراد کےلیے نیا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات کی جانب گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے، سیکریٹری محکمہ اطلاعات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے مزید بارشوں اور سیلاب کے امکانات ہیں، سیاح موسمی حالات جاننے کیلئے کنٹرول رومز سے رابطہ کریں۔
محکمہ اطلاعات نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول رومز قائم کردیے ہیں، سانحہ بابوسر کے بعد سیاحوں کو خطرناک علاقوں میں سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت میں محکمہ اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ سے نقصانات ہوئے، محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں مزید کلاؤڈ برسٹ سے خبردار کیا ہے۔
گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 9 افراد جاں بحق ، 12 افراد لاپتہ ہونے کا خدشہ
خیال رہے کہ ناران میں جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث تودہ گرنے سے پھنسے سیکڑوں سیاحوں اور گاڑیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا، جھیل سیف الملوک کے اطراف کلاؤڈ برسٹ سے تودہ گرا تھا اور طوفانی بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے تھے۔
ان واقعات کے باعث 117 گاڑیوں میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے تھے، سیکریٹری سیاحت کے پی ڈاکٹرعبد الصمدخان نے اس کا نوٹس لیا تھا۔
سیکریٹری سیاحت کی فوری ہدایت پرریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ریسکیو اہلکار، مقامی رضاکار اور انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی کی اور ناران کے مختلف علاقوں میں پھنسے سیکڑوں سیاحوں اورگاڑیوں کو آٹھ گھنٹے بعد ریسکیو کیا گیا۔
https://urdu.arynews.tv/babusar-top-disaster-lone-survivor-emerges-from-flood/