دوران پرواز موبائل کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا، خاتون مسافر نے تہلکہ خیز ویڈیو شیئر کردی

باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے کے عملے نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، طیارے کے ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں خاتون کا موبائل فون گرگیا جو 13 روز تک نہ مل سکا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے عملے کی جانب سے کی جانے والی غفلت سینکڑوں مسافروں کی جان لے سکتی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز ایک خاتون مسافر کا موبائل سیٹ کے نیچے کھلے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں گرگیا تھا۔ یہ واقعہ 6 جولائی کو جدہ سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں پیش آیا۔

خاتون نے موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کردی، پی آئی اے کا انجینئرنگ عملہ لاکھ کوشش کے باوجود 13دن تک ائیر وینٹی لیشن سسٹم سے مذکورہ موبائل نہ نکال سکا۔

خاتون مسافر نے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی
پی آئی اے کا بوئنگ777طیارہ موبائل فون کے ساتھ ہی 13دن تک سفر کرتا رہا۔

اپمی ویڈیو میں خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ عملہ کئی روز تک موبائل فون کی ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں موجودگی سے انکار کرتا رہا۔

خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ موبائل کی گمشدگی کے بعد میں مسلسل 7 دن تک موبائل لوکیشن کے ذریعے طیارے کے ساتھ موبائل کو سفر کرتا ہوا دیکھ رہی تھی۔

اگر خدانخواستہ موبائل فون کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا،خاتون کے اہل خانہ نے پی آئی اے کے خلاف وفاقی محتسب کو بھی درخواست دے دی۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے عملے نے 19 جولائی کو جہاز کا فرش کھول کر موبائل فون مسافر کے حوالے کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ مذکورہ خاتون مسافر سے مسلسل رابطے میں تھی، شیڈولڈ پروازوں کی وجہ سے فوری طور پر جہاز کا فرش کھول کر موبائل نہیں نکالا جاسکتا تھا۔