پھالیہ: پنجاب میں تھانہ بھاگٹ کے گاؤں سعداللہ پور میں بد بخت بیٹا اپنی ماں، باپ اور بیوی کو قتل کر کے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پھالیہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں باپ اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا ملزم احسان اللہ فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسان اللہ ولد محمد حسین عمر عرصہ دراز سے بسلسلہ روزگار کویت میں مقیم تھا جو کہ چار روز قبل کویت سے واپس آیا ہوا تھا۔
حکام کا بتانا ہے کہ چند روز قبل ہی اس کے والد نے اپنی زمین فروخت کی تھی ملزم اپنے والد سے رقم کا مطالبہ کرتا تھا مگر والد کے انکار کی رنجش پر ملزم احسان نے اپنے والد والدہ اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، ملزم کے دو بیٹے بھی ہیں جن کی عمریں 7 سے 8 سال ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/sahiwal-mother-suicid-with-2-children-13-07-2025/
اس سے قبل گلشن اقبال بلاک 2 میں شوہر نے جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے سے بیوی کو قتل کردیا تھا، پولیس کے مطابق مقتولہ صائمہ کو اس کے شوہر سرفراز نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر قتل کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور شوہر کو گرفتار کرلیا تھا، پولیس نے مزید بتایا کہ میاں بیوی ایک اسکول کی چھت پر رہائش پذیر تھے اور دونوں اسی اسکول میں ملازمت کرتے تھے۔