کراچی: لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعے پر 3 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے وزیرجیل خانہ جات نے 3 اہلکاروں کو معطل کیا، معطل ہونے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی عزیزاللہ، عباس ابڑو اور کانسٹیبل علی شیر سومرو شامل ہیں، آئی جی کی ہدایت پر محکمانہ انکوائری ڈی آئی جی کراچی ریجن کودیدی گئی ہے۔
وزیرجیل خانہ جات نے علی حسن زرداری ملاقات کا نظام مزید شفاف اور محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے، انھوں نے کہا کہ بدعنوانیوں اور ہراسانی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی۔
لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے اور ان سے رشوت طلب کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا تھا۔
جیل کے ایک قیدی طارق عزیز کی بیٹی رمشا طارق نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور چیف جسٹس کو ایک خط کے ذریعے معاملے سے آگاہ کیا ہے۔
رمشا طارق کے مطابق لانڈھی جیل میں تعینات اے ایس آئی عزیز اللہ ان سے غیر مناسب تعلقات قائم رکھنے کے لیے دباؤ ڈالتا ہے، غیر مناسب تعلقات قائم نہ رکھنے پر جیل میں قید ان کے والد کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی جاتی ہے۔
https://urdu.arynews.tv/landhi-jail-women-harassed-bribed-by-police/