اسلام آباد (29 جولائی 2025): حج 2026 کیلیے اخراجات کی وصولی کی متوقع تاریخ اور رقم سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حج 2026 کے اخراجات کی وصولی اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پہلی قسط اگست میں تقریباً 5 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے ہوگی، حج رجسٹریشن کروانے والے ہی اخراجات جمع کروانے کے اہل ہوں گے، دستیاب کوٹے کے مطابق اخراجات جمع ہونے پر مزید وصولی روکی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’گزشتہ سال رہ جانے والے عازمینِ حج کو اگلے سال ترجیح دیں گے‘
بتایا گیا کہ اخراجات وزارت مذہبی امور کے منظور کردہ بینکوں میں جمع کروائے جا سکیں گے، حج کیلیے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ پاکستان کا سرکاری اور نجی حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان بڑھتی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار کرنے کا خواہشمند ہے۔
14 جولائی 2025 کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا تھا کہ نجی حج ٹور آپریٹرز کی تنظیم چاہتی ہے جو گزشتہ حج پر رہ گئے ان کو اگلے سال ترجیح دی جائے، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی رہ جانے والے عازمین کو اگلے سال ترجیح دینے کا کہا ہے۔
عامر ڈوگر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی عرب میں 365 ملین ریال پاکستانی پرائیویٹ عازمین حج کے موجود ہیں، نجی اسکیم کے 63ہزار عازمین حج کے سعودی عرب میں 365 ملین ریال پڑے ہیں، گزشتہ سال کی طرح اگلے سال بھی قسطوں پر حج فیس جمع کرانے کی سہولت کی تجویز شامل ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ رواں سال کا حج سابقہ سالوں سے شاندار رہا سعودی حکومت نے ایکسی لینسی ایوارڈ دیا ہے، وزیراعظم نے بھی کامیاب حج پر مبارک اور شیلڈ دی، حج کے دوران کسی کو شکایت ہوئی تو فوری حل کی گئی، کابینہ میں جلد حج پالیسی پیش کریں گے اور ارکان تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔
عامر ڈوگر نے نکتہ اٹھایا کہ تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ حج کی سرکاری اسکیم کےبہترین انتظامات تھے، 67ہزار پرائیویٹ عازمین رہ گئے ان کامستقبل میں مسئلہ حل کیا جائے، کابینہ کمیٹی 67ہزار عازمین کے ساتھ جو ہوا اسے دیکھیں۔
وفاقی وزیر سردار یوسف نے جواب میں کہا کہ تکینکی غلطی کی وجہ سے 63ہزار لوگ رہ گئے تھے وزیر اعظم نے تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی ہوئی ہے جس کی رپورٹ تیار ہو جائے تو وہ کمیٹی میں پیش کر دیں گے۔
اب تک 313,000 افراد حج 2026 کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں تاہم حج اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان حج پالیسی کے مطابق الگ سے کیا جائے گا۔