کراچی : ٹریفک پولیس کے جرمانے اور سختیوں سے پریشان کراچی والوں نے چھ ماہ میں ڈھائی لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بنوالئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس کے جرمانے اور سختیوں کے بعد ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش لگا ہوا ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گذشتہ چند ماہ سے شہری ریکارڈ تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس بنوا رہے ہیں جبکہ رش کی وجہ سے شہریوں کو قطار اور انتظار کی زحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس حکام نے انکشاف کیا کراچی والے چھ ماہ میں ڈھائی لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس بنوا چکے ہیں، ناظم آباد اور کلفٹن برانچ میں سب سے زیادہ رش دیکھا گیا تاہم شہری کراچی میں قائم 6 دیگر برانچوں سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔
کراچی میں سعید آباد، ملیر ۔ کورنگی اور سعو دآباد میں بھی ڈرائیونگ لائسنس برانچیں کام کررہی ہیں جہاں تمام کیٹگریز کے لائسنس کا اجراء کیا جاتا ہے۔
شہری ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی آن لائن لرننگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں سرکاری ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول، شہریوں کے لیے خوشخبری
خیال رہے ڈرائیونگ لائسنس ایک سرکاری دستاویز ہے جو حکومت کسی فرد کو جاری کرتی ہے، تاکہ وہ قانونی طور پر سڑکوں پر گاڑی چلانے کا اہل ہو۔ یہ لائسنس اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ متعلقہ شخص نے ٹریفک قوانین، گاڑی چلانے کی تربیت اور ٹیسٹ مکمل کر لیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے۔ لائسنس مختلف اقسام میں جاری ہوتا ہے جیسے موٹر سائیکل، کار، ٹرک یا بس کے لیے علیحدہ علیحدہ لائسنس۔
یہ لائسنس نہ صرف شناخت کا ذریعہ ہوتا ہے بلکہ کسی حادثے یا خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین بھی اسی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔