کراچی: خاتون نے بچے کے ہمراہ چلتی ٹرین سے کیوں چھلانگ لگائی؟

کراچی (29 جولائی 2025): کالا پل کے قریب چلتی ٹرین سے خاتون اور بچے کے چھلانگ لگانے کے واقعہ پر ریلوے حکام کا موقف بھی سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کالا پل کے قریب خاتون اور بچے نے گزشتہ دنوں چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی تھی۔ خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہے، تاہم ان کی شناخت نہ ہو سکی۔ مذکورہ واقعہ پر ریلوے حکام کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اور بچےکا چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کا واقعہ کالا پل کے قریب اس وقت پیش آیا، جب ٹرین انتہائی کم رفتار سے گزر رہی تھی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود ٹرین سے اترنے کی نیت سے کھڑی تھیں۔ ٹرین کی رفتار کم ہوتے ہی خاتون اور بچے نے چھلانگ لگائی۔

ریلوے حکام کے مطابق خوش قسمتی سے خاتون اور بچہ دونوں محفوظ رہے اور ٹرین سے زمین پر گرنے کے بعد دونوں خود ہی اٹھے اور آگے بڑھ گئے۔

ریلوے حکام نے عام افراد بالخصوص ٹرین میں سفر کرنے والوں کو متنبہ کیا ہےکہ چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش انتہائی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔