حمیرا اصغر کی موت کے بعد شوبز خواتین کے واٹس ایپ گروپ کیا چل رہا ہے؟

واٹس ایپ

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر اور سینئر اداکارہ عائشہ خان کی بے بسی کی حالت میں اندوہناک موت کے بعد شوبز انڈسٹری کی خواتین نے ایک دوسرے کے حالات و واقعات سے باخبر رہنے اور آپس میں رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپ بنالیا۔

مذکورہ واٹس گروپ کا نام ’کنکٹیویٹی ون او ون‘ اداکارہ ژالے سرحدی نے رکھا ہے جس میں شوبز سے وابستہ تقریباً 400 سے زائد خواتین ایڈ ہوچکی ہیں۔ اس گروپ کا تصور پیش کرنے والوں میں یشما گل، سونیا حسین اور منشاء پاشا شامل ہیں۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے واٹس ایپ گروپ کو اپ ڈیٹ رکھنے کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس گروپ میں ہم سب خواتین ایک دوسرے سے رابطے میں رہتی ہیں اور ہیلو ہائے کے ساتھ ایک دوسرے سے متعلق معلومات کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔ ژالے سرحدی سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ واٹس ایپ گروپ میں لڑکیاں ایک دوسرے سے اپنے روز مرہ کے مسائل بھی بیان کرتی ہیں اور یہ بہت اچھا اقدام ہے اسے برقرار رہنا چاہیے۔

مزید پڑھیں : کیا حمیرا اصغر کی موت منشیات کے استعمال سے ہوئی؟ اہم انکشاف

ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی گتھی سلجھانے کیلئے پولیس کی تحقیقات جاری ہے، فلیٹ سےملنے والی ماڈل کی لاش کئی دن پرانی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ حمیرا منشیات کا استعمال بھی کرتی تھی تاہم اداکارہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے، حتمی رپورٹ پر حقائق سامنے آئیں گے۔