جمشید دستی نااہلی: عدالت نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا

جمشید دستی نااہلی: عدالت نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا

لاہور (30 جولائی 2025): لاہور ہائیکورٹ نے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ‏جمشید دستی کی این اے 175 سے نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے حلقے میں ضمنی الیکشن روک دیے جبکہ ان کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کرپٹ پریکٹسز کی کارروائی بھی معطل کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو آئندہ سماعت پر معاونت کیلیے طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔

یاد رہے کہ 15 جولائی 2025 کو الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دیتے ہوئے تعلیمی اسناد جعلی قرار دی تھیں۔

الیکشن کمیشن نے ریفرنس پر محفوظ فیصلہ جاری کیا تھا۔ فیصلے میں رکن قومی اسمبلی کی تعلیمی اسناد جعلی قرار دیتے ہوئے ان کی نااہلی کی 2 درخواستیں منظور کر لیں۔

مئی 2025 میں الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

درخواست گزار امیر اکبر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جمشید دستی نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں اثاثے چھپائے اور جھوٹی تعلیمی تفصیلات درج کیں، دستی نے کاغذاتِ نامزدگی میں ایف اے لکھا جبکہ وہ نہ میٹرک پاس ہیں اور نہ ایف اے۔