بڑی خوشخبری: بجلی سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد (30 جولائی 2025): عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ بجلی سستی ہونے کا امکان ہے نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 65 پیسے کمی کا امکان ہے۔ بجلی سستی کرنے کے لیے نیپرا نے سی ی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے اور نیپرا اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گا۔

نیپرا نے آج جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 65 پیسے سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی ہے۔ اگر درخواست منظور ہو جاتی ہے تو صارفین کو مجموعی طور پر 8 ارب سے زائد کا ریلیف ملے گا۔

دریں اثنا صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں حد سے زیادہ اضافے نے صنعت کو متاثر کر دیا ہے۔ مئی اور جون میں قیمتیں کم رہیں، اب پھر سے بڑھ گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی جون میں بجلی کا یونٹ 28 سے 29 روپے تھا جولائی میں اس میں 10 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اگر بجلی کی قیمت اسی طرح بڑھتی رہی تو انڈسٹری تباہ ہو جائے گی۔

صنعتکاروں کا یہ بھی کہناتھا کہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کی کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی تھی جب کہ ایس آئی ایف سی نے بھی انڈسٹری کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بجلی کی قیمت نہیں بڑھے گی۔