کراچی (30 جولائی 2025): آج گھگر پھاٹک میں گھر سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملیں تحقیقات میں قتل سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب گھر میں میاں، بیوی اور بچے کو قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کا اصل تعلق بلوچستان سے تھا اور انہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔
واقعہ کی مزید تفتیش کی تو نئے انکشافات سامنے آئے ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ ماں باپ اور بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والے قاتل ایک روز قبل ہی مقتولین کے گھر مہمان بن کر آئے تھے اور قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ مقتول جوڑے عبدالمجید اور سکینہ نے 6 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عبدالنبی تھا۔ یہ خاندان ایک سال قبل ہی گھگر پھاٹک کے قریب رہائش اختیار کی تھی۔
پولیس کے مطابق شادی کے بعد خاتون کے بھائیوں نے جرگہ کیا تھا اور اس جرگے کے فیصلے کے مطابق بھائیوں نے بہن کے بدلے عبدالمجید کی دو خواتین لی تھیں۔
دوسری جانب گھگر پھاٹک میں گھر سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعہ کی
انکوائری کرنے اور قاتلوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اس حوالے سے انہیں رپورٹ پیش کرنے اور علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-husband-wife-and-child-brutally-murdered/