کراچی: کےالیکٹرک نے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں سے متعلق ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک نے کہا کہ ملک میں صارفین کے لیے بجلی کے نرخ بشمول فی یونٹ قیمت، صارف کیٹیگریز اور استعمال کی بنیاد پر سلیبز، وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے تحت یونیفارم ٹیرف پالیسی کے مطابق لاگو کئے جاتے ہیں۔
بجلی کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ پورے ملک میں لاگو ہونے والے ان نرخوں کا تعین کےالیکٹرک کے دائرے اختیار میں نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ کےالیکٹرک کو ان نرخوں میں کسی بھی قسم کی ردوبدل کا اختیار حاصل نہیں ہے، بجلی کی قیمتوں، سلیبز یا کیٹیگریز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف حکومتِ پاکستان کے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔
کےالیکٹرک ترجمان نے کہا کہ اس وقت جو صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف نافذ العمل ہے، وہ رواں سال جولائی میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمام ڈسکوز کے لیے نوٹیفائی کیا گیا تھا اور یہ ملک بھر میں یکساں طور پر نافذ ہے۔
https://urdu.arynews.tv/sindh-minister-nasir-hussain-on-ke-over-billing/