’دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ لے کر ڈوب جائیں‘ ٹرمپ کی بھارت اور روس پر سخت تنقید

واشنگٹن(31 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکا کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات (31 جولائی) کو ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں دونوں ممالک کی معیشتوں کو مردہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ساتھ تباہ ہوں، انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

امریکی صدر نے بھارت اور روس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی پروا نہیں کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے، مجھے فرق نہیں پڑتا، دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ لے کر ڈوب جائیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے بھارت کے ساتھ بہت کم تجارتی روابط رکھے ہیں کیونکہ بھارت کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، جو امریکی کاروبار کے لیے نقصان دہ ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور روس کے درمیان قریباً کوئی تجارتی تعلق نہیں اورمیں چاہتا ہوں کہ یہ صورتحال برقرار رہے۔

ٹرمپ نے روس کے سابق صدر دیمتری میدویدیف کو ناکام رہنما قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ میدویدیف جو سمجھتے ہیں وہ اب بھی صدر ہیں، انہیں کہہ دو کہ اپنے الفاظ کا خیال رکھیں۔ وہ ایک خطرناک راستے میں داخل ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل ٹرمہ نے کہا تھا کہ بھارت اپنا زیادہ تر اسلحہ روس سے خریدتا ہے اور اس وقت چین کے ساتھ روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے، یہ سب ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں خونریزی بند کرے۔