لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں 10 ہزار کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں بکر منڈی لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار کلو زائد المیعاد اور مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔
کارروائی کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ یہ گوشت بیمار اور مردہ جانوروں کا تھا، جسے لاہور کے نواحی علاقوں سے لا کر پراسیس کیا جا رہا تھا۔
ایکسپائر شدہ گوشت کولڈ اسٹوریج میں ذخیرہ کیا گیا تھا، جہاں بدبو اور تعفن کی شکایات پر چھاپہ مارا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خراب گوشت مختلف ہوٹلز کو سپلائی کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی سے ایک بڑے انسانی المیے کو روک لیا گیا۔ برآمد شدہ تمام گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک گوشت کی فروخت یا سپلائی کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو دی جائے تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے