پی ٹی آئی کا خطرناک منصوبہ جلد سامنے لاؤں گا، فیصل واوڈا

فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی قیادت کو 9 مئی کیس میں سزاؤں کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ملک کو نقصان پہنچانے والے سب لوگ زد میں آئیں گے۔

فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت سے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سمیت 108 رہنماؤں کو سزائیں سنائے جانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے سب لوگ زد میں آئیں گے۔ میں جلد تحریک انصاف کا ایک خطرناک منصوبہ بھی منظر عام پر لاؤں گا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ جو جو باتیں میں نے کہی تھیں وہ آج سب کےسامنے سچ ثابت ہورہی ہیں۔ جو ٹائم لائن دی تھی تمام چیزیں اس کے مطابق ہی ہو رہی ہیں۔ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کی مزید نااہلیاں ہوں گی۔ اگر عدالتیں ٹھیک کام نہ کر رہی ہوتیں تو بریت کیسے ہوتی۔

سینیٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ بانی عمران خان اور پی ٹی آئی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔ کیسے کیسے خنجر مارا گیا، یہ سب قوم کو وطن واپسی پر بتاؤں گا۔ کیا وجہ ہے کہ نظریات کے نام پر خنجر گھونپ رہے ہیں۔ یہ خود کو سیاسی شہید بناناچاہتے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی پاکستان بننے کی منصوبہ بندی ان کی پارٹی کے اندر ہی ہو رہی ہے۔ سینیٹ میں تحریک انصاف کو 8 سیٹوں کےبجائے 5 سیٹیں کیسے اور کیو ں ملیں؟ مراد سعید کو سینیٹر بنانے کے پیچھے کیا کہانی ہے، یہ سب بھی واپس آکر بتاؤں گا۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ قوم کو وقت سے پہلے بتا دیا تھا امریکا سے مثبت خبر آنیوالی ہے اور وہ آ چکی ہے۔

واضح رہے کہ آج فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے اے ٹی سی سے پارٹی قیادت کو دی جانے والی سزاؤں کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/may-9-cases-pti-central-leadership-sentenced-pti-leadership-announces-to-challenge-in-hc/