کراچی دو دریا کے مقام پر ایک شخص اور 2 بچے ڈوب گئے، عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بیان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص دو بچوں کو زبردستی لے کر پانی میں کودا، بچوں کی عمریں 5 سے سال کے درمیان تھیں، ڈوبنے والا شخص نشئی اور بچے اچھے گھرانے کے لگ رہے تھے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ بچوں نے کافی دیر تک پانی سے باہر آنے کی کوشش کی، ہم نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن نہیں بچاسکے۔
دو دریا پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ ایک ڈیڑھ گھنٹے تک لوگ ڈوبے رہے لیکن کوئی نہیں آیا، مرد نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے، ایک بچہ گرا تو دوسرا بھاگا لیکن مرد نے اس بچے کو بھی پکڑ لیا۔
عینی شاہد کے مطابق واقعہ تین سے سوا تین بجے کے درمیان پیش آیا، 8 غوطہ خوروں کی مدد سے 2 ٹیمیں آپریشن کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ دو دریا کے قریب سمندر میں 3 افراد ڈوب گئے، ابتدائی معلومات کے مطابق ایک شخص نے 2 بچوں کے ساتھ سمندر میں چھلانگ لگائی، امدادی ٹیموں کی جانب سے ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔