چینی سفارتخانے کی جانب سے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر پاکستان کو مبارکباد دی گئی ہے۔
ترجمان چینی سفارتخانہ نے کہا کہ ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر چین سے نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کیا گیا، سیٹلائٹ پاکستان کی زمینی وسائل کے سروے اور آفات سے بچاؤ میں مدد دےگا۔
چینی سفارتخانے نے کہا کہ نئے سیٹلائٹ سے پاکستان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، آفات کی روک تھام اور خاتمے میں سیٹلائٹ معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ آج 31 جولائی 2025 کو کامیابی سے خلا کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔
چین نے جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان میں واقع شیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کوائژو-1A کیریئر راکٹ کے ذریعے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-01 کو کامیابی کے ساتھ مقررہ مدار میں بھیج دیا۔
یہ سیٹلائٹ قومی اراضی کے سروے، آفات کی پیش گوئی، اور بچاؤ و امدادی سرگرمیوں جیسی خدمات فراہم کرنے کا کام انجام دے گا۔
یہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں بڑی پیش رفت ہے، اس مصنوعی سیارے سے ملک میں سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی بروقت اطلاع مل سکے گی۔
یہ سیٹلائٹ جغرافیائی خطرات کی نشان دہی کر کے سی پیک کو بھی مدد دے گا، اور دوسری طرف پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری پھیلاؤکی نگرانی ہو سکے گی۔
https://urdu.arynews.tv/remote-sensing-satellite-launched-pakistan/