شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ ماں، باپ کا مقام کبھی فراموش نہ کریں وہ آپ کی بنیاد ہوتے ہیں۔
اداکارہ حنا خواجہ بیات نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران بچوں کی جانب سے ماں، باپ کو الزام دینے پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے اس بار بھی اپنے بیان میں نوجوان نسل کو آئینہ دکھایا ہے۔
حنا خواجہ کا کہنا تھا کہ تھراپی کا مطلب صرف یہ نہیں کہ آپ ہر دکھ کا الزام اپنے والدین پر ڈال کر بری الذمہ ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی پرورش، محنت اور قربانیوں کو یکسر نظر انداز کر دینا ناشکری اور ناپختگی کی علامت ہے۔
حنا بیات نے دوٹوک پیغام میں کہا کہ ہاں! آپ کے ماضی کے تجربات اہم ہیں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ وہی والدین آپ کو اس مقام تک لائے، بالغ ہونے کے بعد انسان کو چاہیے کہ وہ ماضی سے آگے بڑھے، خود کو سنوارے اور تھراپی سے واقعی فائدہ اٹھائے نہ کہ اُسے ماں باپ کے خلاف زہر نکالنے کا ذریعہ بنائے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگر ڈاکٹر دوا تجویز کرے تو شرم محسوس کیے بغیر اسے استعمال کرنا چاہیے، کیونکہ ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے۔