لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کے انعقاد کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست کو لاہور ہائیکورٹ کے آفس نے ابتدائی اعتراض لگا کر واپس کر دیا ہے۔
درخواست رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ دینا غیرقانونی اقدام ہے، جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا۔
تاہم لاہور ہائیکورٹ آفس نے اعتراض عائد کیا کہ درخواست گزار نے داد رسی کے لیے پہلے ریڈریسل کمیشن یا متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔
اعتراض میں کہا گیا کہ قانونی طریقۂ کار کے مطابق درخواست گزار کو پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔
عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے مجاز فورم سے رجوع کرے اور بعد ازاں ضرورت پڑنے پر عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
گذشتہ روز تحریک انصاف اسلام آباد نے 5 اگست کو ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت مانگی تھی،جلسے کی درخواست ریجنل صدر عامر مغل اور ریجنل جنرل سیکرٹری ملک عامر نے جمع کرائی۔
درخواست انصر محمود کیانی ایڈووکیٹ کے ذریعے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جمع کروائی گئی ، جس میں کہا گیا کہ سیاسی بیانیے کو آگے بڑھانے کیلئے جلسے کی اجازت دی جائے۔