(1 اگست 2025): ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے خبردار ہو جائیں کیونکہ اب چالان گھر پر آئے گا اور ہر صورت ادا کرنا ہوگا۔
سیف سٹی بہاولپور نے ٹریفک نظم و ضبط کو مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلیے 25 جولائی 2025 سے ای چالان نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں خودکار طریقے سے ای چالان جاری کریں گے جس سے قانون نافذ کرنے کے عمل میں شفافیت اور تیزی ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک چالان پر دی گئی 50 فیصد رعایت کب ختم ہو رہی ہے؟
بہاولپور میں ای چالان کا یہ نظام انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) کے تحت فعال کیا گیا ہے جو نہ صرف ٹریفک کی مؤثر نگرانی کرتا ہے بلکہ ڈیفالٹر گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھتا ہے۔
جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے مزین یہ نظام ٹریفک پولیس بہاولپور کیلیے ایک مؤثر معاون ثابت ہوگا اور شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک آگاہی پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
علاوہ ازیں، ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی رہنمائی اور شعور بیدار کرنے کیلیے 1000 سے زائد وارننگ ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ شہری قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور مکمل چالان سسٹم کے نفاذ سے قبل اپنی اصلاح کر سکیں۔
وارننگ چالان کے ذریعے شہریوں کو ان کی خلاف ورزیوں سے بروقت آگاہ کیا جائے گا جس کا مقصد تنبیہ اور رہنمائی فراہم کرنا ہے نہ کہ فوری جرمانہ عائد کرنا۔
یہ جدید نظام نہ صرف شہریوں کی سہولت بلکہ ایک محفوظ، منظم اور مہذب ٹریفک کلچر کے فروغ کیلیے انقلابی قدم ہے۔
ٹریفک پولیس بہاولپور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ نہ صرف وہ خود محفوظ رہیں بلکہ پورے معاشرے کو ایک خوشگوار اور منظم سفری ماحول مہیا ہو سکے۔