راولپنڈی (2 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملتان گیریژن کے دورے کے دوران زیڈ 10 ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب میں شرکت کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور ہیڈ کوارٹرز میں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فارمیشن کی پیشہ وارانہ تیاریوں اور اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: علاقائی امن کیلیے پُرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
بعد ازاں انہوں نے تدریسی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جہاں انہوں نے ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلیے قومی اتحاد، سول ملٹری ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان آرمی ایوی ایشن میں زیڈ 10ایم ای (Z-10 ME) اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ جدید ترین، ہر موسم کا پلیٹ فارم دن رات درست طریقے سے آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جدید ریڈار سسٹمز اور جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر سویٹس سے مزین یہ ہیلی کاپٹر فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کیلیے فوج کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہے۔
بعد ازاں، انہوں نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز میں نئے شامل کیے گئے زیڈ 10 ایم ای (Z-10 ME) ہیلی کاپٹروں کے فائر پاور کا مشاہدہ کیا۔ اس طاقتور نظام کی شمولیت سے آرمی ایوی ایشن میں جدت کے ساتھ ساتھ میدان جنگ میں مربوط اور فیصلہ کن کارروائی کی صلاحیت کو تقویت ملی ہے۔
سپہ سالار نے جوانوں اور افسروں سے بات چیت میں ان کے غیر معمولی عزم و حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے جنگ کے ابھرتے ہوئے کردار میں فیصلہ کن برتری کو برقرار رکھنے کیلیے فوج م کی تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں ملتان گیریڑن پہنچنے پر کور کمانڈر ملتان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔