کراچی : دیور نے بیوہ بھابھی کو گولیاں مار دیں

کراچی : جائیداد کے تنازع پر دیور  نے اپنی غیر ملکی بیوہ بھابھی کو دو گولیاں مار دیں، خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر15 ملت گارڈن کے قریب جائیداد کے تنازع پر گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ فائرنگ سے ایک غیر ملکی خاتون زخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی فلپائنی خاتون نے کراچی میں ناصر نامی شخص سے شادی کی تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر ناصر کا انتقال ہوچکا ہے، جس کے بعد غیر ملکی خاتون اپنا حصہ لینے سسرال آئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں تلخ کلامی اور جھگڑے کے دوران خاتون کے دیور دانش نے اپنی بھابھی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کو 2 گولیاں لگیں جبکہ ملزم دانش فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔