صدر مملکت کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ متوقع

ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسرائیل اور امریکا ایران کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ایران

اسلام آباد(3 اگست 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر آج سے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے، ایرانی صدر، وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور اسلام آباد میں وفود کی سطح پر بات چیت کی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وفود کی سطح پر بات چیت کی جائے گی، پاک ایران باہمی معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر مسعود پزیشکیان چئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے، ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات شیڈیول ہے، صدر مملکت کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے مزید فروغ، پاک ایران باہمی منسلکی، توانائی و تجارت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاک ایران سرحدی انتظام و سلامتی اور زائرین کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔

ملاقاتوں میں پاک ایران گیس پائپ لائن پر بات چیت بھی متوقع ہے، ایران کی جانب سے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شمولیت و فعال کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔