پشاور (3 اگست 2025): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑنے کے مشورے پر ترجمان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا مؤقف سامنے آگیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کے پی فراز احمد مغل نے اپنے بیان میں کہا کہ کے پی حکومت سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغام کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
فراز احمد مغل نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب چاہیں گے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور منصب چھوڑ دیں گے، وہ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ صوبائی حکومت سابق وزیر اعظم کی امانت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی قاسم اور سلیمان سے فون پر بات کروا دی گئی
ترجمان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود اپنے لیڈر عمران خان سے نہیں جیل میں مل سکتے، وہ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلیے علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد کیا گیا، جرگوں کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائے گا، صوبے میں امن و امان کی صورتحال کیلیے جلد اہم اور حتمی فیصلے ہوں گے۔
گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو بطور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مستعفی ہونے کا کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر معاملات نہیں سنبھال سکتے تو مستعفی ہو جائیں۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنی بہن علیمہ خانم کو ہدایت کی کہ وہ سیاست سے دور رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے پاکستان مجھ سے ملنے آنا چاہتے ہیں، کبھی نہیں کہا کہ میرے بیٹے پاکستان آ کر احتجاج کی قیادت کریں۔