گدھے کے گوشت کے بعد جعلی کولڈ ڈرنک تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی

گدھے کے گوشت کے بعد جعلی کولڈ ڈرنک تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی

(3 اگست 2025): اسلام آباد میں بڑی تعداد میں گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے بعد اب جعلی کولڈ ڈرنک تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ میں کی قمبرانی روڈ پر کارروائی کے دوران جعلی کولڈ ڈرنک تیار کرنے والی خفیہ فیکٹری پکڑی جہاں سے ہزاروں لیٹر مضر صحت مشروبات برآمد کی گئیں۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ فیکٹری میں معروف کمپنیوں کی جعلی اور مضر صحت مشروبات تیار کی جا رہی تھیں، فیکٹری سے کمپنیوں کے لیبل، خالی بوتلیں اور فلنگ مشینیں بھی برآمد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اور اصلی کولڈ ڈرنک کی پہچان کیسے کی جائے؟ ویڈیو دیکھیں

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ جعلی فیکٹری کو سیل کر دیا گیا، مضر صحت کولڈ ڈرنک کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔

ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے بتایا کہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی، مضر صحت مشروبات انسانی صحت کیلیے خطرناک ہیں، صحت دشمنوں کے خلاف اتھارٹی کا بھرپور ایکشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو محتاط رہنے اور جعلی اشیا بنانے والے عناصر کی شکایات رپورٹ کرنے کی اپیل کی گئی۔