فیصل آباد (05 اگست 2025): سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نبیل بلی مقابلے میں مارا گیا ہے۔
سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ نبیل بلی مختلف اضلاع میں 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم نے 2023 میں ڈولفن کانسٹيبل آکاش کو بھی زخمی کیا تھا، اور گزشتہ روز حراست سے فرار ہو گیا تھا۔
سی سی ڈی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ نبیل بلی سمیت 4 ملزمان قبرستان ماہیے شاہ میں چھپے ہیں، جس پر انسپکٹر صدیق چیمہ نے رات گئے گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم نبیل مارا گیا جب کہ اس کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔
سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم سے پستول برآمد ہوا، اور اس سلسلے میں تھانہ جھنگ بازار میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1403 ٹریفک حادثے
دریں اثنا، لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کے قریب سی سی ڈی نے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو مار دیا ہے، مارے گئے ملزم کی شناخت عبدالمطلب کے نام سے ہوئی، سی سی ڈی پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔
سی سی ڈی نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ملزم ممکنہ طور پر چوہنگ گینگ ریپ کا چوتھا ملزم ہو سکتا ہے، اس کا کریمنل ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔