کراچی : لیاری میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تاہم پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر رات گئے افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کوئلہ گودام، گلی نمبر 7 میں پیش آیا، جہاں 45 سالہ خاتون بختاور کو اس کے شوہر نواب نے گھریلو تنازع کے دوران گولی مار کر قتل کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم نواب کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔
مزید پڑھیں : کراچی: شوہر نے بیوی کو تیزاب پلاکر قتل کردیا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر گھریلو جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واردات کی مزید تفتیش جاری ہے اور ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں شوہر نے اپنی بیوی دو بیٹیوں کی ماں کو مبینہ طور پر تیزاب پلا کر قتل کردیا تھا۔
نور عائشہ نامی خاتون کو جمعرات کو جناح اسپتال منتقل کیا تھا، تشویشناک حالت میں پہنچنے والی خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔