قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سمیت پی ٹی آئی منتخب نمائندے نا اہل قرار

اسلام آباد (5 اگست 2025): الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرز سمیت پی ٹی آئی کے کئی منتخب نمائندوں کو نا اہل قرار دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر کو نا اہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی زرتاج گل، رائے حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز کو بھی نا اہل قرار دیا ہے۔

اس کے علاوہ ایم پی اے نصر اقبال، جنید افضل ساہی اور محمد مرتضیٰ اقبال بھی نا اہل قرار پائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ گزشتہ دنوں اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے تناظر میں دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ رہنماؤں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ مذکورہ ارکان کی نشستوں کو خالی قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے اے ٹی سی کے اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی سے متعلق خبریں