لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی ، اہم رہنما نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ساجد قریشی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور اُن کے فیصلے کو سراہا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے 5 اگست کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا، حتیٰ کہ خود پی ٹی آئی کے کارکن بھی بار بار کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان اب ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور اب ملک مزید احتجاجی مظاہروں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کو ایک نظریاتی اور کارکن دوست جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو نہ صرف تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عہدوں سے بھی نوازتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط بازو ہیں، اور آج پورے ملک سے لوگ جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ گورنر سردار سلیم کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے۔
اس موقع پر ساجد قریشی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ روز روز کے دھرنوں، انتشار اور احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے تھے، اسی لیے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر ایک حقیقی عوامی جماعت میں شامل ہوگئے ہیں۔