اسلام آباد (6 اگست 2025): اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں ارکان کے کھانے سے کاکروچ نکلنے کے معاملے پر فوری ایکشن لے لیا۔
اسپیکر ایاز صادق کی ہدایت پر پارلیمنٹ کیفے ٹیریا کی انتظامیہ تبدیل کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کیفے ٹیریا سے متعلق اراکین کی بہت زیادہ شکایات تھیں، ایک رکن کے کھانے اور سینڈوچ سے کاکروچ بھی نکلا تھا۔
اراکین کی شکایات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے کیفے ٹیریا کا نیا ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
ترجمان اسمبلی ظفر سلطان نے کیفے ٹیریا کا دورہ کیا اور کچن کی صفائی اور کھانے کا معیار چیک کیا۔ نئی انتظامیہ نے اراکین کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا دینے کی یقین دہانی کروائی۔
ایاز صادق بھی کیفے ٹیریا کا دورہ کریں گے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں لنچ کے دوران کھانے کیلیے آنے والے رکن اسمبلی نے روٹیوں پر موجود کاکروچ کی ویڈیو بنائی تھی۔
ارکان نے کاکروچ نکلنے پر اظہار برہمی کیا اور معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایم این ایز نے پارلیمنٹ لابی میں صفائی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
کیٹرنگ کمپنی اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کو کھانا فراہم کرتی ہے، ارکان اسمبلی کیلیے ظہرانے میں بوفے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔