پشاور : تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کی نااہلی کا فیصلہ چیلنج کردیا، جس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔
دونوں رہنماوں نے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کی، الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو نہیں سنااور نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
درخواست میں کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے شبلی فراز کو 10سال قیدکی سزاسنائی گئی، شبلی فراز سینیٹر تھے، سزا کےفیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،اسے کالعدم قرار دیا جائے ۔۔
مزید پڑھیں : قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نا اہل قرار
رہنماوں کی جانب سے درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر کو نا اہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ گزشتہ دنوں اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے تناظر میں دیا ہے۔