اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ساتویں زرعی شماری 2024 کا اجرا کر دیا۔ زرعی شماری 14 سال بعد کی گئی، آخری شماری 2010 میں ہوئی تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق زرعی گھرانے 83 لاکھ سے بڑھ کر 1 کروڑ 17 لاکھ ہو گئے ملک میں مال مویشیوں کی تعداد 25 کروڑ 13 لاکھ تک پہنچ گئی۔
مویشیوں کی سالانہ شرح نمو 18.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک میں 9 کروڑ 58 لاکھ بکریاں، 5 کروڑ 58 لاکھ گائیں موجود ہیں۔ بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 77 لاکھ، بھیڑوں کی 4 کروڑ 45 لاکھ ہے۔
ملک میں 15 لاکھ اونٹ اور 48 لاکھ گدھے بھی موجود ہیں۔
ملک میں زیرِ کاشت رقبہ 2024 میں 52.8 ملین ایکڑ تک پہنچ چکا ہے جس میں 79 فیصد زرعی رقبہ نہروں اور ٹیوب ویلز سے سیراب ہوتا ہے۔
زرعی شماری پاکستان کی شماریاتی تاریخ کا سنگ میل قرار دیا گیا ہے جس کے نتائج سے لاکھوں زرعی گھرانوں کی زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔