پیکا ایکٹ کے تحت کتنے مقدمات درج ہوئے؟

پیکا ترمیمی ایکٹ

ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت 9 صحافیوں کیخلاف مقدمات درج ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر علی ظفر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی پر بریفنگ دی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ پیکا ایکٹ کے تحت 9 صحافیوں کیخلاف مقدمات درج ہوئے جب کہ جنرل پبلک کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت 2600 مقدمات درج ہو ئے۔

چیئرمین کمیٹی نے پوچھا کہ کیا پولیس صوبوں میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر سکتی ہے؟ جس پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے جواب دیا کہ پولیس کو اختیار نہیں۔

سیکریٹری آریوجے نے کہا کہ پنجاب میں پولیس صحافیوں کیخلاف ایف آئی آرز درج کر رہی ہے جس پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے علم میں نہیں پولیس کیسے مقدمات درج کررہی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے سیکریٹری آریوجے کو مقدمات کی تفصیل فراہم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری کو آئی جیز کو ایف آئی آر نہ درج کرنے کے لیے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

اجلاس میں فلم سینسر بورڈ کا نام تبدیل کیے جانے کی تجویز کی منظوری دی گئی اور فلم سینسر بورڈ کے قیام کا اختیار کابینہ کے بجائے وزارت کو دینے کی تجویز منظور کی گئی۔