شدید بارشوں کا الرٹ جاری ، اربن فلڈنگ کا خدشہ

شدید بارشوں کا الرٹ جاری ، اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: ملک بھر میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا، جس میں متعلقہ اداروں کو ہنگامی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید بارشوں کے پیش نظر سیلابی خطرات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج شدید بارشیں متوقع ہیں جن سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، گھانچے اور شگر میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

موسم کی متعلق خبریں

محکمۂ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، مانسہرہ اور گلیات میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور نوشہرہ میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ سکتے ہیں

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور مکمل تیاری یقینی بنائیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ریسکیو ادارے فوری کارروائی کے لیے الرٹ ہیں۔