ٹرمپ کے 50 فیصد ٹیرف لگانے پر مودی نے خاموشی توڑ دی

مودی ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

نئی دہلی (7 اگست 2025): بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے پر پہلا ردعمل دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں ملک کے کسانوں کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کروں گا چاہے مجھے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے۔

امریکا نے روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے اور اس سے بھاری منافع کمانے پر بھارت کو مزید 25 فیصد ٹیرف سے معاشی طور پر نشانہ بنایا، انڈیا پر امریکا کی جانب سے مجموعی طور پر 50 فیصد ٹیرف عائد ہے۔

نریندر مودی نے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے ہمارے کسانوں کی فلاح و بہبود سب سے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے کسانوں، ڈیری سیکٹر اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ مجھے اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

بھارتی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں براہ راست امریکا یا ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ نہیں دیا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے بھارت پر عائد نیا ٹیرف 28 اگست سے لاگو ہوگا، اس کو روسی تیل کی خریداری پر جرمانہ کیا گیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ردعمل میں کہا کہ یہ امریکی اقدام انتہائی بدقسمتی ہے اور یہ کہ انڈیا اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

امریکا نے اب تک چین پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان نہیں کیا جو روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔