کراچی : ملک بھر کے 39 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے تبادلے کردیے گئے، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد ، پشاور ، اسلام آباد سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں انتظامی تبدیلیوں کے تحت متعدد زونز میں ڈپٹی ڈائریکٹرز کے تقرر و تبادلے کر دیے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ادارے کی کارکردگی اور افادیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ فیصلے کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد زونز میں افسران کے تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں، جبکہ کوئٹہ، پشاور اور گوجرانوالہ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے تقرر و تبادلے کیے گئے ، پشاور میں 6 ، اسلام آباد میں 9 ، کوئٹہ میں 4 جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں مجموعی طور پر 10 تقرر و تبادلے ہوئے۔
حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر سمیت اندرون سندھ کے شہروں میں بھی 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے تبادلے کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے علی مردان شاہ، رابعہ قریشی اور فہد خواجہ کے تبادلے کیے گئے ہیں، جبکہ محمد علی ابڑو کا تبادلہ اسلام آباد سے کراچی اینٹی کرپشن سرکل میں کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ان تقرریوں اور تبادلوں کا مقصد مختلف زونز میں جاری تحقیقات، آپریشنز اور ایڈمنسٹریشن کو مزید مضبوط بنانا ہے۔