کراچی : بولی دینے والی ایک کمپنی آج سے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) ہیڈ آفس کا دورہ کرکے طیاروں کامعائنہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں نجکاری میں شامل چار کمپنیوں کے نمائندے کراچی میں واقع پی آئی اے ہیڈ آفس اور اہم تنصیبات کے دورے کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ آج سے ایئر بلو کنسورشیم کے حکام نے پی آئی اے ہیڈ آفس اور اصفہانی ہینگر کا دورہ شروع کر دیا ہے، جہاں وہ طیاروں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایئر بلو کنسورشیم کو اہم ریکارڈ تک رسائی بھی دی جا رہی ہے۔
ایئر بلو کنسورشیم کے حکام کل بھی پی آئی اے کی دیگر اہم تنصیبات کا دورہ کریں گے تاکہ ادارے کی موجودہ صورتحال اور اثاثوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے نجکاری کا نیا پلان ! خریدار پارٹی کو کتنے ارب کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی؟
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے فوجی فرٹیلائزرز اور لکی کنسورشیم کے حکام کو بھی قومی ایئرلائن کی اہم تنصیبات کا دورہ کرایا جائے گا، جو نجکاری کے اگلے مراحل کی تیاری کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکال کر ایک مستحکم اور فعال ادارہ بنانا ہے۔