یوکرینی صدر کا جنگ کے خاتمے کے لیے پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کا مطالبہ

یوکرینی صدر کا جنگ کے خاتمے کے لیے پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کا مطالبہ

کیف(7 اگست 2025): یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جنگ کے خاتمے کے لیے ولادیمیر پیوٹن سے روبرو ملاقات کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی کی ماسکو میں روسی رہنما سے بات چیت کے بعد جمعرات 7 اگست کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جنگ کے خاتمے کے لیے ولادیمیر پوتن سے روبرو ملاقات کا مطالبہ کیا۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ روسی صدر سے ون آن ون ملاقات کرکے جنگ کا خاتمہ چاہتا ہوں، یوکرینی صدر زیلنسکی نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی اصل بات یہ ہے کہ روس، جس نے یہ جنگ شروع کی ہے، اپنی جارحیت کو ختم کرنے کے لیے حقیقی اقدامات کرے۔

دوسری جانب گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ یوکرین اور روسی صدر سے ملاقات کرکے تنازع ختم کروانا چاہتا ہوں، کریملن نے امریکی اور روسی صدر کے درمیان ملاقات پر اتفاق کی تصدیق کی ہے۔

زیلنسکی کی ٹرمپ سے گفتگو

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منگل کے روز ایک ”مثبت‘‘ گفتگو کی، جس میں جنگ کے خاتمے، روس پر پابندیوں اور امریکا یوکرین ڈرون معاہدے پر تبادلہ خیال ہوا۔

زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ٹرمپ کو کییف اور دیگر یوکرینی شہروں پر جاری روسی حملوں کے بارے میں ”مکمل معلومات‘‘ دی گئیں۔

روس یوکرین جنگ، جو فروری 2014 میں شروع ہوئی، یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑا تنازعہ ہے، فروری 2022 میں روس نے یوکرین پر بھرپور حملہ کیا، جسے صدر ولادیمیر پیوٹن نے "خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیا۔ اس حملے میں کیف سمیت متعدد شہروں پر میزائل حملے اور زمینی پیش قدمی شامل تھی۔

https://urdu.arynews.tv/trump-and-putin-meeting-white-house/