کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدار افغان باشندہ پکڑا گیا، اہم انکشافات

کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدا افغان باشندہ پکڑا گیا، اہم انکشافات

کراچی(8 اگست 2025): کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدار افغان باشندہ سہراب گوٹھ پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  سہراب گوٹھ پولیس کی خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز خریدنے والا افغان شہری پکڑا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش اپنے مکمل نیٹ ورک کا بتا دیا، ملزمان نے شہریوں کے قیمتی موبائل فونز چند ہزار میں خرید کر بلوچستان فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم جمعہ گل کی گاڑی میں ڈیش بورڈ سے 17 موبائل فونز، اسلحہ اور 2 لاکھ کیش بھی برآمد ہوا، ملزم کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز خریدتا تھا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ محسن اور جانی نامی ڈکیت روزانہ 14 سے 15 موبائل فونز ملزم کو دیتے تھے، ملزم فی موبائل 7 سے 8 ہزار میں خریدتا اور عمرنامی شخص کو بیچ دیتا تھا۔

چھینے گئے ہر موبائل فون پر ملزم ایک ہزار روپے منافع رکھتا تھا، ملزم سے خریدے گئے موبائل فونز عمر بلوچستان میں فروخت کردیتا تھا، ساتھی ملزم عمر بلوچستان حب کا رہنے والا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان باشندے جمعہ گل کے مطابق وہ 1 سال سے یہ کام کررہا ہے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر باقاعدہ منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا، گرفتار ملزم کا ریمانڈ حاصل کرکے مذید تفتیش کی جائے گی۔