تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق نیا بل

تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق نیا بل تیار

کراچی : سندھ اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور سہولتوں سے متعلق نیا بل تیار کرلیا گیا، نئی تنخواہیں اور مراعات یکم جولائی 2025 سے مؤثر ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات سے متعلق نیا ترمیمی بل تیار کر لیا گیا ہے، جو آج ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

بل کے تحت نئی تنخواہیں اور مراعات یکم جولائی 2025 سے مؤثر ہوں گی۔

بل میں اراکین اسمبلی کو ہاؤس رینٹ، یوٹیلیٹی الاؤنس، میڈیکل، کنونس اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں، اس نئے قانون کے تحت 1974 کے پرانے قانون کو منسوخ کر کے ایک نیا، جامع فریم ورک متعارف کروایا جائے گا۔

بل کے تحت قائد حزب اختلاف کو وزیر کے برابر مراعات دینے کی تجویز دی گئی ہے، جب کہ چیئرمین پارلیمانی کمیٹی کو سرکاری گاڑی اور پیٹرول الاؤنس فراہم کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔

ترمیمی بل کے تحت ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو ہر سال اراکین کی تنخواہوں اور مراعات کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے گی۔

اہم نکتہ یہ ہے کہ اس کمیٹی کی سفارشات حکومت سندھ کے لیے لازمی قرار دی جائیں گی، یعنی حکومت ان تجاویز کو ماننے کی پابند ہوگی۔

بل میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ سندھ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں کا تعین دیگر صوبائی اسمبلیوں سے تقابلی جائزہ لے کر کیا جائے گا تاکہ تنخواہوں اور مراعات کا نظام ملک بھر میں ہم آہنگ ہو سکے۔