یوکرینی صدر زیلنسکی کو بڑا دھچکا

یوکرینی صدر زیلنسکی کو بڑا دھچکا

کیف(8 اگست 2025): یوکرینی صدر زیلنسکی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے، صدر کی اعتماد کی درجہ بندی 58 فیصد پر آگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین میں اینٹی کرپشن ایجنسی کی جانب سے کرپشن اسکینڈل سامنے آنے پر یوکرین کے صدر کی مقبولیت میں کمی ہوئی۔

کیف انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشیالوجی کی جانب سے جاری کردہ ایک نئے سروے کے مطابق رواں برس جون میں زیلنسکی کی اعتماد کی درجہ بندی 65 فیصد تھی جو اَب گھٹ کر 58 فیصد پر آگئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ماہ صدر زیلنسکی نے متنازع قانون پر دستخط کیے جس میں انسداد بدعنوانی ایجنسی کو پراسیکیوٹر جنرل کے ماتحت کیا گیا تھا۔

یوکرین میں وسیع پیمانے پر مظاہرے، عالمی سطح پر تنقید میں بھی اضافے اور یورپی یونین کے دباؤ کے بعد صدر زیلنسکی نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے نیشنل اینٹی کرپشن بیورو اور خصوصی انصداد کرپشن پراسیکیوٹر کی خود مختاری کو بحال کردیا تھا۔

لیکن اس کے باوجود ایسا لگتا ہے کہ اس اسکینڈل نے صدر زیلنسکی کی ساخت کو نقصان پہنچایا ہے، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے یوکرینی باشندوں کی 35 فیصد آبادی زیلنسکی پر بھروسہ نہیں کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ رائے شماری 23 جولائی اور 4 اگست کے درمیان یوکرین کے زیر کنٹرول علاقے میں 1,022 شہریوں کے ساتھ ٹیلی فون انٹرویوز کے ذریعے کی گئی۔